واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر کورونا ویکسین سے متعلق غلط معلومات لوگوں کو ہلاک کر رہی ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاو صرف ویکسین نا لگوانے والے افراد کے درمیان ہی ہے۔
دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاوس جین ساکی نے کہا ہے کہ فیس بک کو کورونا وائرس ویکسین کے متعلق غلط معلومات کو صاف کرنا ہو گا، درست معلومات یقینی بنانے کے لئے ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ فیس بک نے وائٹ ہاوس کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 ارب سے زیادہ لوگوں کو فیس بک سے ہی کورونا ویکسین کے متعلق مستند معلومات ملی ہیں۔
انڈونیشیا میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 38 ہزار391 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد2417788 سے تجاوز کر گئی۔
چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈونیشیا کی وزارت صحت نے بتایا کہ کورونا وائرس سے مزید 852 اموات کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 63 ہزار 760 تک پہنچ گئی جبکہ صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 1994573ہو گئی ہے۔
حکام نے کہا کہ کورونا وائرس ملک کے 34 صوبوں میں پھیل چکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جکارتہ میں 12 ہزار 974، مغربی جاوا 7 ہزار 772، مشرقی جاوا 2 ہزار 551، سینٹرل جاوا 4232 اور یوگیا کرتا میں 124.94 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔