وزیر اعظم عمران خان آج بھمبر اور میرپور میں خطاب کریں گے

Prime Minister, Imran Khan, address, Bhimber, Mirpur, Azad Kashmir

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آزاد کشمیر انتخابی مہم کے سلسلے میں آج بھمبر اور میرپور میں خطاب کریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق بھمبر میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے جلسہ سے خطاب کرینگے جبکہ میر پور میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتخابی جلسے میں شرکت کرینگے اور عوام سے خطاب بھی کرینگے ، جلسہ میرپور اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا ۔

گزشتہ روز باغ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اب جیسا بننے جا رہا ہے یہ امداد دینے والا ملک بنے گا ۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بہادر اور عظیم لوگ ہیں ، کشمیریوں پر صرف پاکستان ہی نہیں دنیا بھی فخر کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برہان جیسے کشمیریوں نے جدوجہد آزادی کیلئے اپنی جان قربان کی ، دنیا بھر میں آپ کیلئے دعائیں کی جا رہی ہیں اللہ تعالیٰ آپ کو ظلم کے سامنے کھڑا ہونے کی طاقت دے ۔

عمران خان نے کہا کہ مودی نے 5 اگست کے بعد کشمیریوں کے اوپر بہت زیادہ ظلم کیا ، دنیا سمجھ رہی تھی کشمیری بھارتی مظالم کے آگے گھٹنے ٹیک دیں گے ۔ ہم سب مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو صبر و استقامت پر سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کشمیریوں کا سفیر بن کر نکلوں گا اور ان کیلئے آواز اٹھاتا رہوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ صرف کشمیریوں پر ظلم نہیں کر رہا بھارت میں اقلیتوں پر بھی ظلم کر رہا ہے ۔ بھارت میں اقلیتوں اور چھوٹی قومیتوں کو برابر کا شہری نہیں سمجھا جاتا ۔ دنیا کے ہر فورم پر ان کیلئے آواز بلند کروں گا ۔

جس پارٹی کے لیڈر کا پیسہ اور جائیداد پاکستان میں نہیں وہ آپ کیلئے کبھی اسٹینڈ نہیں لے سکتا ، اگر میرا پیسہ اور جائیداد باہر ہو تو میں کبھی امریکا کو انکار نہ کرسکتا ۔ کشمیری نوجوان کسی بزدل ، کرپٹ اور نااہل شخص کو اپنا لیڈر نہیں مان سکتے ۔