اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کیخلاف عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ قابل ستائش ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کلبھوشن پاکستانی عوام کے خلاف جرائم کا مرتکب ہے، پاکستان قانون کے مطابق معاملات کو آگے بڑھائے۔
پاکستان کی عالمی سطح پر بڑی کامیابی، عالمی عدالت انصاف نے جاسوس کلبھوشن یادو کی بریت اور بھارت کو واپسی کی درخواست مسترد کر دی۔ پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے والا بھارتی دہشت گرد پاکستان کی تحویل میں ہی رہے گا۔ دی ہیگ میں عالمی عدالت کے جج عبدالقوی احمد یوسف نے فیصلہ سنایا، عالمی عدالت نے کلبھوشن کا حسین مبارک پٹیل کے نام سے بھارتی پاسپورٹ اصلی قرار دیدیا۔
فیصلہ دیا گیا کہ ویانا کنونشن اس کیس پر لاگو ہوتا ہے۔ آرٹیکل 36 میں جاسوسی کے الزام کی بنیاد پر قونصلر رسائی روکنے کی اجازت نہیں۔ اس لیے کمانڈر کلبھوشن یادیو کو پاکستان قونصلر رسائی دے۔ عدالت نے بروقت گرفتاری کی اطلاع نہ کرنے کا بھارتی الزام بھی یکسر مسترد کردیا۔ جج نے قرار دیا کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو گرفتار کرکے انڈین حکام کو اطلاع دی، تاخیر کا بھارتی الزام غلط ہے۔