فٹ بال کھیلنے سے بچوں کی ہڈیاں مضبوط و توانارہتی ہیں

07:47 PM, 18 Jul, 2017

لندن: ہڈیوں کی درست انداز میں نشوونما نہ ہو تو پوری زندگی اس کے اثرات رہتے ہیں۔ ہڈیوں کی بہتر طریقے سے نشونما کی کمی سے ہڈیوں کے فریکچر کے خطرات خصوصاً عمر رسیدگی میں زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ لڑکے جب بلوغت کی جانب قدم رکھ رہے ہوتے ہیں تو عین اسی وقت ان کی ہڈیوں کی نشونما ہو رہی ہوتی ہے۔ بلوغت کے بعد اگلے پانچ سال ہڈیوں کی زبردست افزائش اور نشونما ہو رہی ہوتی ہے اور فٹ بال کا کھیل اس عمل کو بڑھا دیتا ہے۔ماہرین کے مطابق بلوغت کی جانب جانے والے بچے اگر فٹ بال کھیلنے کو معمول بنائیں تو اس سے ہڈیوں کی نشوونما بڑھتی ہے اور ہڈیاں زیادہ مضبوط ہوتی ہیں۔
”جرنل آف بون اینڈ منرل ریسرچ“ میں شائع ہونے والی تحقیق میں لکھا گیا ہے کہ اس تحقیق میں نوعمر بچوں کے دو گروپس کو لیا گیا۔ بچوں کے ایک گروپ کو ایک سال تک فٹ بال، پیراکی، اور سائیکل چلانے کو کہا گیا۔ جبکہ دوسرے گروہ کے بچوں نے کسی کھیل میں کوئی حصہ نہیں لیا تھا۔ ایک سال بعد جب تمام بچوں کی ہڈیوں کا جائزہ لیا گیا تو فٹ بال کھیلنے والوں کی ہڈیوں کی نشوونما تیراکی اور سائیکل چلانے والوں سے قدرے بہتر تھی۔ جبکہ ان میں سے جن لڑکوں نے کسی کھیل میں کوئی حصہ نہیں لیا تھا ان کی ہڈیوں کی بڑھوتری اور مضبوطی سب سے کم تھی۔

مزیدخبریں