نئی دہلی: بھارت میں لڑکی کو جنم دینے پر دیور نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر بھابھی کو ہاکی سے پیٹ ڈالا۔
سوشل میڈیا پر گردش میں آنے والی ویڈیو میں پٹیالہ سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ خاتون مینا کاشیاپ کو اس کا دیور اپنے دوست کے ساتھ مل کر ہاکی سے بری طرح پیٹتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔مینا کی اس پٹائی کی وجہ یہ تھی کہ اس کے شوہر کا خاندان بیٹے کی پیدائش کی توقع کر رہا تھا جب کہ مینا نے بیٹی کو جنم دیا۔
بھتیجی کی پیدائش پر اپنے بھائی کی بیوی کو مبارک باد دینے کے بجائے مینا کا دیور کمل جیت سنگھ اپنے دوست کو لے کر بھابھی کے گھر پہنچا اور دونوں نے مل کر ہاکی سے مینا کی دل کھول کر پٹائی کی۔ اس دوران مینا کے ایک پڑوسی نے اس منظر کو اپنے موبائل کے کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کر لیا۔
ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والی وڈیو کے یوٹیوب پر پوسٹ ہونے کے بعد سماجی حلقوں میں ایک طوفان کھڑا ہو گیا ہے۔ وڈیو میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے والی مینا کی چیخوں اور مدد کے لیے پکار کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں مگر کسی نے بھی اس کی مدد نہ کی۔
مینا کے گھر والوں نے اس کے شوہر دلجیت سنگھ ، دیور کمل جیت سنگھ اور دیور کے دوست کے خلاف متعدد الزامات کے تحت رپورٹ درج کرا دی۔