دبئی: کسی بھی مہذب شہر میں سڑکوں پر کچرا پھینکنا جرم تصور کیا جاتا ہے لیکن دبئی میں اسے ڈبل جرم تصور کیا جاسکتا ہے کیونکہ اس پر ایک نہیں بلکہ دو سزائیں ہو سکتی ہیں۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کو دو بار جرمانہ ہوسکتا ہے کیونکہ نہ صرف دبئی پولیس اس کام پر جرمانہ کرسکتی ہے بلکہ میونسپلٹی کی جانب سے بھی جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ موجودہ قانون کے تحت کچرا پھینکنے والوں کو 1000 درہم (تقریباً ساڑھے اٹھائیس ہزار پاکستانی روپے) کا جرمانہ کیا جاتا ہے اور چھ بلیک پوائنٹ دئیے جاتے ہیں۔ اگر دبئی پولیس کے ساتھ دبئی میونسپلٹی بھی کسی کو کچرا پھینکتے ہوئے پکڑلے تو جرمانے کی رقم 1500 درہم(تقریباً 43 ہزار پاکستانی روپے) ہوجاتی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ چلتی ہوئی گاڑی سے جلے ہوئے سگریٹ کا ٹکڑا باہر پھینکنا، کھانے پینے کی اشیاءکے خالی ڈبے پھینکنا یا حتیٰ کہ ٹیشو پیپر پھینکنا بھی جرمانے کا سبب بن سکتا ہے۔
دبئی پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سڑک پر چلتی گاڑی سے کسی بھی قسم کا کچرا پھینکنے سے گریز کریں کیونکہ اس کی وجہ سے نہ صرف ماحول کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ دوسرے ڈرائیورز کی توجہ میں خلل پڑنے سے حادثہ بھی ہوسکتا ہے۔ گاڑی میں سوار کوئی بھی شخص کچرا پھینکے تو جرمانہ ڈرائیور کو ہوگا۔ اس لئے ڈرائیور کو یقینی بنانا ہوگا کہ اس کے ساتھ بیٹھے افراد بھی اس کام سے باز رہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.