اسلام آباد: سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا کھیل احتساب کا نہیں بلکہ اقتدار کا ہے اور یہ لوگ سپریم کورٹ میں انصاف نہیں بلکہ اقتدار لینے آتے ہیں۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اقتدار عوام دیتے ہیں اور سپریم کورٹ سے صرف انصاف ملتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا متحدہ اپوزیشن 2013 میں نواز شریف کے خلاف تھی اور اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود نواز شریف وزیراعظم بنے۔ نواز شریف سے استعفیٰ لینا بہت مشکل کام ہے کیونکہ بڑے بڑے لوگ ان سے استعفیٰ نہیں لے سکے آپ تو بچے ہیں۔
طلال چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول آپ اپنے والد سے پوچھیں کہ کرپشن کسے کہتے ہیں وہ تو کرپشن کے سائنسدان ہیں جو وزیر یا وزیراعظم نہ بن سکے وہ آج عدالت سے کندھا لگائے بیٹھے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ سازش کی کٹھ پتلیاں عمران خان اور ان کا بھتیجا بلاول ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں اتحاد ہے اور یہ دونوں جماعتیں سندھ میں تیر اور پنجاب میں بلے پر لڑیں گی۔
وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا جے آئی ٹی کی تحقیقات بدنیتی پر مبنی تھی اور جاسوسی کے ذریعے دستاویز حاصل کرنے کی قانون اجازت نہیں دیتا۔ طارق فضل چودھری بھی تنقید کرنے میں پیچھے نہ رہے کہا پیپلز پارٹی والے سپریم کورٹ کے ترجمان نہ بنیں کیونکہ سیاسی میدان میں پیپلز پارٹی ن لیگ کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں