مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی نے اپنے میجر کو گولی مار دی

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی نے اپنے میجر کو گولی مار دی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں اڑی سیکٹر میں بھارتی فوجی آپے سے باہر ہو گیا اور اپنے ہی میجر کو گولیوں سے چھلنی کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے اڑی سیکٹر میں ایل او سی پر تعینات میجر نے سپاہی کو دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے پر ڈانٹا اور اس سے فون چھین کر توڑ دیا جس پر سپاہی نے اپنے افسر کو پانچ گولیاں مار دیں۔ بھارتی فوج نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے کے مطابق پچھلے سال فورسز میں اہلکاروں کے ہاتھوں اپنے ہی ساتھیوں کی ہلاکت کے تین واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج میں کمیشنڈ افسروں اور نان کمیشنڈ سپاہیوں کے درمیان ناراضگی بڑھتی جا رہی ہے۔

بھارتی سپاہی اپنے افسروں پر کرپشن اور ذاتی کام کرانے کے الزام عائد کرتے ہیں۔ یاد رہے بھارتی فوجی تیج بہادر نے اپنی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی کہ سرحد پر تعینات فوجیوں کو ناقص کھانا دیا جاتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں