عمران خان جیسے لوگ جمہوریت کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں: عابد شیر علی

10:17 AM, 18 Jul, 2017

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے شیخ رشید کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ چیلنج کرتا ہوں شیخ رشید اپنے اثاثے مجھے دیں اور میرے اثاثے رکھ لیں۔

عابد شیر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز جشن کا منصوبہ بنایا تھا لیکن خان صاحب سُن لیں قوم آئین اور جمہوریت کی فتح کا جشن ضرور منائے گی اور آپ جیسے لوگ جمہوریت کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نواز شریف کے جوتے صاف کرتے تھے اور آج کہاں سے کہاں آ گئے اب شیخ رشید کو نالہ لئی میں ڈوب مرنا چاہیے۔ عابد شیر علی نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی سے پوچھتا ہوں کتنا نذرانہ ملا اور کتنا ٹیکس ادا کیا؟۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شاہ محمود نذرانے اور چڑھاوے کھاتے ہیں یہ لوگ درباروں کے تیل چوری کر کے بیچتے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ کل سپریم کورٹ میں سماعت کے موقع پر چوہدری شجاعت بیگانی شادی میں بوڑھا دیوانہ بن کر پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلے آئین و قانون کی بنیاد پر ہوتے ہیں اور ہم توقع کرتے ہیں کہ عدالت آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں