اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت شروع ہو گئی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دینا شروع کر دئیے ہیں اور شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ کا 20 اپریل کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا۔
سپریم کورٹ میں پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث نے جے آئی ٹی کے مینڈیٹ کا معاملہ اٹھا یا۔ انھوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے 13 سوالات کے ساتھ مزید 2 سوالات اٹھا دیئے جس پر جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ کیا آپ کہنا چاہتے ہیں جائیدادوں کی نشاندہی جے آئی ٹی کا مینڈیٹ نہیں تھا۔
جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو اپنے مرتب سوالوں کے جواب دیکھنے ہیں ہم جے آئی ٹی کی سفارشات کے پابند نہیں اور جے آئی ٹی نے جو بہتر سمجھا اسکی سفارش کر دی جبکہ سفارش پر عمل کرنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت کو کرنا ہے۔ جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ابھی عدالت نے فیصلہ نہیں کیا لیکن وہ جے آئی ٹی کی کارکردگی بتا رہے ہیں۔ ہماری درخواست قانونی نکات پر ہے اور جے آئی ٹی کی رائے کی قانون میں کوئی نذیر نہیں۔
جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ آپ کی بات سمجھ کر ہم نے نوٹ کر لی ہے۔ آپ نے اپنے جواب میں دستاویزات کی تردید نہیں کی اور لندن فلیٹس کی انکوائری کی منظوری 17 سال پہلے بھی ہوئی تھی۔ 2000 سے 2008 تک آپ کے موکل ملک سے باہر تھے۔
جسٹس اعجاز افضل نےاپنے ریمارکس میں کہا کہ کیا آپ کہنا چاہتے ہیں فریقین کے تمام اثاثوں کی چھان بین نہیں ہو سکتی۔ انکوائری کے بغیر تو کچھ بھی نہیں ہو سکتا اور عدالت فیصلہ اس وقت کرتی ہے جب حقائق غیر متنازع ہوں۔
جسٹس اعجاز افضل نے مزید کہا حدیبیہ کو شامل کرنا ہے یا نہیں فیصلہ ٹرائل کورٹ نے کرنا ہے اس مرحلہ پر رپورٹ کے کسی حصہ پر فیصلہ نہیں دے سکتے۔سماعت کے دوران شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ ایف زیڈ ای کے چیئرمین نواز شریف اور مالک حسن نواز ہیں۔ انہوں نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ ہل میٹل سے رقم آئی لیکن اس کو سیاست میں استعمال نہیں کیا گیا۔
انہوں نے اپنے دلائل میں کہا ایف زیڈ ای کی ملکیت جے آئی ٹی کو پوچھنا چاہیے تھی جبکہ وزیراعظم نے ایف زیڈ ای کی بنیاد پر اقامہ 2012 میں لیا تھا۔ اس پر جسٹس عظمت سعید نے اپنے ریمارکس میں کہا جے آئی ٹی نے نہیں پوچھا تو ہم پوچھ رہے ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز شریف خاندان کے وکیل کے دلائل جاری تھے کہ کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔ خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ جے آئی ٹی کے حوالے سے 2 درخواستیں دائر کی ہیں ایک درخواست والیم 10 کی فراہمی کی ہے اور دوسری درخواست میں جے آئی ٹی پر اعتراضات درج ہیں۔ دستاویزات اکھٹے کرنے میں جے آئی ٹی نے قانون کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے اپنے دلائل میں مزید کہا تھا جے آئی ٹی نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا کیونکہ رپورٹ میں دی گئی دستاویزات کو درست تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ جے آئی ٹی نے عدالت کے کرنے والا کام کیا ہے۔
خواجہ حارث کے دلائل پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے تھے کہ اپنے دلائل کو ایشوز تک محدود رکھیں تو آسانی ہو گی کیونکہ ہم چاہتے ہیں عوام اور عدالت کا وقت ضائع نہ ہو۔ جے آئی ٹی ٹرائل نہیں کر رہی تھی کیونکہ الزامات اس نوعیت کے تھے کہ تحقیقات کروانا پڑیں اور گواہان کے بیانات آرٹیکل 161 کے تحت ریکارڈ کیے گئے۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ اپنے الفاظ کا چناؤ احتیاط سے کریں۔
پہلی روز کی سماعت کی تفصیل
عمران خان کے وکیل نعیم بخاری کے دلائل
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے جے آئی ٹی رپورٹ کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پاناما کیس کے فیصلے میں عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وزیراعظم کو نااہل قرار دیا جب کہ جسٹس گلزار نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے اتفاق کیا اور 3 ججز نے مزید تحقیقات کی ہدایت دی جس کے بعد عمل درآمد بینچ اور جے آئی ٹی بنی جبکہ جے آئی ٹی ہر 15 روز بعد اپنی پیش رفت رپورٹ عمل درآمد بینچ کے سامنے جمع کراتی رہی۔ 10 جولائی کو جے آئی ٹی نے اپنے حتمی رپورٹ جمع کرائی۔ تحقیقات کا معاملہ عدالت اور جے آئی ٹی کے درمیان ہے اب جے آئی ٹی رپورٹ پر فیصلہ عدالت کو کرنا ہے۔
نعیم بخاری نے اپنے دلائل میں کہا جے آئی ٹی نے متحدہ عرب امارات سے قانونی معاونت بھی حاصل کی اور گلف اسٹیل مل سے متعلق شریف خاندان اپنا موقف ثابت نہیں کر سکا جبکہ گلف اسٹیل مل 33 ملین درہم میں فروخت نہیں ہوئی۔ جے آئی ٹی نے طارق شفیع کے بیان حلفی کو غلط اور 14 اپریل 1980 کے معاہدے کو خود ساختہ قرار دیا ہے۔ اپنی تحقیقات کے دوران جے آئی ٹی نے حسین نواز اور طارق شفیع کے بیانات میں تضاد کو بھی نوٹ کیا۔
جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں فہد بن جاسم کو 12 ملین درہم ادا کرنے کو افسانہ قرار دیا جبکہ قطری خط وزیراعظم کی تقاریر میں شامل نہیں تھا۔ جے آئی ٹی نے قطری شہزادے کو طلبی کے لیے چار خط لکھے جبکہ جے آئی ٹی نے رپورٹ کہا کہ قطری شہزادہ پاکستانی قانونی حدود ماننے کو تیار نہیں اس کے علاوہ قطری شہزادے نے عدالتی دائرہ اختیار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
نعیم بخاری نے اپنے دلائل میں آف شور کمپنیوں کی ملکیت کے حوالے سے کہا کہ برٹش ورجن آئی لینڈ کی ایجنسی نے موزیک فونسیکا کے ساتھ خط و کتابت کی اور جے آئی ٹی نے اس خط و کتابت تصدیق کی۔ لندن فلیٹ شروع سے شریف خاندان کے پاس ہیں کیونکہ تحقیقات کے دوران مریم نواز نے اصل سرٹیفکیٹ پیش نہیں کیے۔ ٹرسٹی ہونے کے لیے ضروری تھا کہ مریم نواز کے پاس بیریئر سرٹیفکیٹ ہوتے۔ بیریئر سرٹیفکیٹ کی منسوخی کے بعد کسی قسم کی ٹرسٹ ڈیڈ موجود نہیں اور فرانزک ماہرین نے ٹرسٹ ڈیڈ کے فونٹ پر بھی اعتراض کیا۔
حدیبیہ پیپر کیس سے متعلق نعیم بخاری نے کہا کہ حدیبیہ کیس کے فیصلے میں قطری خاندان کا کہیں تذکرہ نہیں جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ اس میں قطری خاندان کا ذکر ہونا ضروری نہیں تھا۔ حدیبیہ پیپر ملز کی سیٹلمنٹ کی اصل دستاویزات سر بمہر ہیں۔
جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ شہباز شریف بطور گواہ جے آئی ٹی میں پیش ہوئے اور انہوں نے جے آئی ٹی میں ایسے بیان دیا جیسے پولیس افسر کے سامنے دیتے ہیں۔ ان کا بیان تضاد کے لیے استعمال ہو سکتا ہے اور جے آئی ٹی کے سامنے دیئے گئے بیانات کو ضابطہ فوجداری کے تحت دیکھا جائے گا۔ قانونی پیرامیٹرز کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔
عمران خان کے وکیل نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ جے آئی ٹی کے مطابق نواز شریف نے سعودی عرب میں واقع عزیزیہ اسٹیل ملز لگانے کے لیے کوئی سرمایہ موجود نہیں تھا۔ عزیزیہ اسٹیل مل کے حسین نواز اکیلے نہیں بلکہ میاں شریف اور رابعہ شہباز بھی حصہ دار تھے۔ اس کی فروخت کی دستاویزات پیش نہیں کیں لیکن جےآئی ٹی نے قرار دیا کہ عزیزیہ مل 63 نہیں 42 ملین ریال میں فروخت ہوئی۔
نعیم بخاری نے کہا کہ جے آئی ٹی نے بتایا ہے کہ ایف زیڈ ای نامی کمپنی نواز شریف کی ہے۔ حسین نواز کے مطابق ایف زیڈ ای کمپنی 2014 میں ختم کر دی گئی۔ نواز شریف ایف زیڈ ای کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین تھے۔ عدالت نے نعیم بخاری سے استفسار کیا کہ کیا ایف زیڈ ای کی دستاویزات جے آئی ٹی کو قانونی معاونت کے تحت ملیں یا ذرائع سے جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ کمپنی کی دستاویزات قانونی معاونت کے تحت آئیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ یہ تمام دستاویزات تصدیق شدہ نہیں ہیں جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ دستاویزات درست ہیں صرف دستخط شدہ نہیں۔ کمپنی نے نواز شریف کا متحدہ عرب امارات کا اقامہ بھی فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے دبئی اور برطانوی حکام کو 7 ،7 خطوط لکھے اس کے علاوہ سعودی عرب کو بھی ایک خط لکھا لیکن اس کا جواب نہیں آیا۔ یو اے ای حکومت کو لکھے گئے خطوط رپورٹ کی جلد نمبر 10 میں ہوں گے جو ظاہر نہیں کی گئی جس پر جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو والیم 10 کو بھی کھول کر دیکھیں گے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس آمدن سے زائد اثاثے ہی اور نواز شریف کے اثاثے بھی ان کی آمدن سے زائد ثابت ہوئے۔ جس کا ذکر جے آئی ٹی رپورٹ میں شامل ہے۔ جسٹس شیخ عظمت نے استفسار کیا کہ آمدن سے زائد اثاثے ہونے کے کیا نتائج ہوں گے جس پر نعیم بخاری نے کہا ہے کہ ہم نے عدالت سے نواز شریف کی نااہلی کا ڈیکلریشن مانگا ہے اور نواز شریف کے خلا ف نیب کا مقدمہ بھی بنتا ہے۔
جماعت اسلامی کے وکیل توفیق آصف کے دلائل
جماعت اسلامی کے وکیل توفیق آصف نے اپنے دلائل میں کہا کہ میری درخواست نواز شریف کی اسمبلی تقریر کے گرد گھومتی ہے کیونکہ نواز شریف نے اسمبلی تقریر اور قوم سے خطاب میں سچ نہیں بولا۔ جے آئی ٹی کے مطابق نواز شریف نے تعاون نہیں کیا۔ انہوں نے قطری خطوط پڑھے بغیر درست قرار دیئے۔ نواز شریف نے کہا کہ قطری سرمایہ کاری کا علم ہے مگر کچھ یاد نہیں اور نواز شریف نے اپنے خالو کو پہچاننے سے انکار کیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ جے آئی ٹی کی فائنڈنگز سارا پاکستان جان چکا ہے لیکن ہم جے آئی ٹی کی فائنڈنگز کے پابند نہیں آپ کو یہ بتانا ہے کہ ہم جے آئی ٹی فائنڈنگز پر عمل کیوں کریں۔ جسٹس شیخ عظمت نے استفسار کیا کہ ہم جے آئی ٹی کی سفارشات پر کس حد تک عمل کر سکتے ہیں۔ بتائیں ہم اپنے کون سے اختیارات کا کس حد تک استعمال کر سکتے ہیں جس پر توفیق آصف نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں وزیر اعظم کی نااہلی کے لیے کافی مواد ہے۔
نعیم بخاری جے آئی ٹی رپورٹ کی سمری سے عدالت کو آگاہ کر چکے ہم جے آئی ٹی رپورٹ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اسے درست تسلیم کرتے ہیں۔ بادی النظر میں وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے جس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اگر بادی النظر کہہ دیا تو پھر کیس ہی ختم ہو گیا۔
شیخ رشید کے دلائل
کیس کے تیسرے مدعی شیخ رشید نے پانامہ کیس میں دلائل دیتے ہوئے کہا نواز شریف ایک کمپنی کے ملازم نکلے جس سے پوری قوم کی ناک کٹ گئی۔ نواز شریف کے بچے حمید مستری کے بیٹے نہیں ایٹمی ملک کے وزیراعظم کے بچے ہیں۔
انہوں نے کہا شریف خاندان نے بے نامی فیکٹریاں لگا رکھی ہیں اور مریم نواز بینیفیشل مالک ثابت ہو گئی ہیں ۔ جس عمر میں شناختی کارڈ نہیں بنتے ان کے بچے 8 کروڑ روپے کما لیے ہیں سرکاری ٹی وی کا خاکروب اٹھارہ ہزار ٹیکس دیتا ہے اور ملک کا وزیراعظم صرف 5 ہزار ٹیکس دیتے ہیں ۔ شیخ رشید کے دلائل پر کمرہ عدالت میں مسکراہٹیں بکھر گئیں۔
شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اعتراضات
سماعت سے قبل شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جے آئی ٹی رپورٹ پر اپنے اعتراضات جمع کرائے ۔ شریف خاندان نے اپنے اعتراضات میں موقف اختیار کیا کہ جے آئی ٹی کوعدالت نے 13 سوالات کی تحقیقات کا حکم دیا تھا لیکن جے آئی ٹی نے مینڈیٹ سے تجاوز کیا۔ جے آئی ٹی جانبدار تھی اور اس نے قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا۔ اس لیے عدالت عظمیٰ سے استدعا ہے کہ ہماری درخواست منظور کرتے ہوئے رپورٹ کو مسترد کیا جائے۔
واضح رہے جے آئی ٹی نے 10 جولائی کو اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی۔ 10 جلدوں پر مشتمل اس رپورٹ میں نواز شریف سمیت شریف خاندان پر کئی الزامات اور اس سے متعلق شواہد سامنے لائے گئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں