ملتان ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ ناکام، پاکستان کی سبقت 202 رنز تک پہنچ گئی

ملتان ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ ناکام، پاکستان کی سبقت 202 رنز تک پہنچ گئی

ملتان: پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 202 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی۔ قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے، جبکہ کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔


پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 230 رنز بنائے۔ محمد رضوان اور سعود شکیل کی 141 رنز کی شاندار پارٹنرشپ ٹیم کی بیٹنگ کا نمایاں پہلو رہی۔ سعود شکیل 84 اور محمد رضوان 71 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستانی اسپنرز نے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ نعمان علی نے 5، ساجد خان نے 4، اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔


ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ پہلے 4 کھلاڑی صرف 22 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔ ساجد خان نے ابتدائی وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


پاکستان نے دوسری اننگز میں اپنی برتری کو مزید مستحکم کیا۔ شان مسعود 52، محمد ہریرہ 29، اور بابر اعظم 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔


واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم تقریباً 17 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے میں پاکستانی اسپنرز کا پلڑا بھاری دکھائی دے رہا ہے۔