ملتان: پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے، جس کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف 202 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کم روشنی کی وجہ سے کھیل جلد ختم کر دیا گیا۔ دن کے اختتام پر سعود شکیل 2 اور کامران غلام 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود رہے۔
پاکستان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹیں گنوا دیں۔ کپتان شان مسعود 52، محمد ہریرہ 29 اور بابر اعظم صرف 5 رنز بنا سکے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستانی اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان نے مہمان ٹیم کو 25.2 اوورز میں ہی سمیٹ دیا۔ نعمان علی نے 5 اور ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکین 31 اور جیڈن سیلز 22 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم مہمان ٹیم کے چھ کھلاڑی دہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 230 رنز بنائے۔ سعود شکیل 84 اور محمد رضوان 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز اور جومیل ویریکین نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم تقریباً 17 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے، جو دونوں ٹیموں کے لیے ایک اہم موقع ہے۔