لاہور:حکومت پنجاب نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایک نیا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پنجاب کے شہری اب دوسرے صوبوں یا وفاق میں اپنی گاڑی رجسٹر نہیں کروا سکیں گے۔ ایکسائز حکام نے بتایا ہے کہ اس فیصلے کے لیے پنجاب کی کابینہ سے منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق شہری اکثر ٹیکس بچانے کی غرض سے گاڑیاں دوسرے صوبوں یا وفاق میں رجسٹر کراتے ہیں، جس سے پنجاب کو ٹیکس وصولی میں مشکلات پیش آتی ہیں اور سیکیورٹی سے متعلق مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری نے دوسرے صوبے یا وفاق میں اپنی گاڑی رجسٹر کرائی تو اس پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ نادرا کے ضلعی کوڈز کو مدنظر رکھتے ہوئے رجسٹریشن کو کنٹرول کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، پنجاب سے باہر رجسٹرڈ گاڑیوں کی دوبارہ پنجاب میں رجسٹریشن کے لیے قانون موجود ہے، جس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں گاڑی کو ضبط کیا جائے گا اور جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
ایکسائز حکام نے بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد اس فیصلے کے لیے سمری حکومت کو ارسال کی جا رہی ہے۔