واشنگٹن:نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کا مقام سرد موسم کے باعث تبدیل کر دیا گیا ہے۔ 20 جنوری کو ہونے والی یہ تقریب پہلے یو ایس کیپٹل ہل کی سیڑھیوں پر منعقد ہونے والی تھی، لیکن شدید سردی اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کے بعد اسے کیپٹل ہل کی عمارت کے اندر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے اس تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر، حلف برداری کی تقریب انڈور کی جائے گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اس وقت ملک بھر میں شدید سردی اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 20 جنوری کو واشنگٹن ڈی سی میں سردی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کی توقع ہے، اور ہوا کے جھکڑ بھی چلنے کا امکان ہے۔ اس فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ ٹرمپ نیشنل مال پر موجود عوام کو خوش آمدید نہیں کہہ سکیں گے، جو کہ روایتی طور پر نئے صدر کا استقبال کرتے ہیں۔
یہ تبدیلی آخری بار 1985 میں رونالڈ ریگن کی حلف برداری کے دوران بھی دیکھنے کو آئی تھی، جب ان کی تقریب بھی انڈور منعقد کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ، ٹرمپ نے اپنی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے عالمی طاقتوں اور امریکا کے اہم اتحادیوں کو دعوتیں بھی ارسال کر دی ہیں۔