ملتان: ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی۔ پاکستان نے پہلے ہی دن 230 رنز پر اپنی اننگز کا خاتمہ کیا اور پھر ویسٹ انڈیز کے بیٹرز کے لیے مشکلات پیدا کر دیں۔
ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ساجد خان نے فوری دباؤ ڈالا اور ابتدائی چار وکٹیں حاصل کر کے میچ کا رُخ پاکستان کی جانب موڑ دیا۔ ساجد خان نے میکائیل لوئس کو ایک، کیاسی کارٹی کو صفر، کریک براتھویٹ کو 11 اور کیون ہوج کو 4 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد نعمان علی نے مزید شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جسٹن گریویس کو 4 رنز پر پویلین لوٹایا۔ نعمان علی نے ٹریون املیچ اور ایلک ایتھنیز کو بھی 6، 6 رنز پر آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن 66رنز کے مجموعے پر 8 وکٹیں گنوا چکی ہے اور پاکستانی بولرز کا دباؤ واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے دوسرے روز 143 رنز کے ساتھ اپنے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تھا، تاہم کھیل کے آغاز میں ہی وکٹوں کا گرنا شروع ہو گیا۔ سعود شکیل 84 اور سلمان آغا 7 رنز پر آؤٹ ہو گئے، جبکہ محمد رضوان 71 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ رضوان کے بعد کریز پر آنے والے نعمان علی بھی صفر پر آؤٹ ہو گئے اور خرم شہزاد بھی 7 رنز بنا کر چلتے بنے۔ اس کے علاوہ، کپتان شان مسعود 11، بابر اعظم 8، محمد ہریرہ 7 اور کامران غلام 5 رنز بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز کے بولرز میں جیڈن سیلز اور جومیل ویریکن نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیون سنکلیئر نے 2 اور گداکیش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔