ملتان: ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 230 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ملتان میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز محمد رضوان اور سعود شکیل نے کھیل کا آغاز کیا، لیکن سعود شکیل 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔ سلمان آغا صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اور نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔ محمد رضوان نے 71 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن وہ بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔
ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بنا سکے، جس کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم 230 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز اور جومل ویریکن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، کیون نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ گوداکش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی ٹیم کی پہلی اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم کے ابتدائی چار کھلاڑی جلد پویلین واپس لوٹ گئے۔ 16 رنز پر محمد ہریرہ 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان شان مسعود 11 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے، کامران غلام 5 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے اور بابر اعظم بھی صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں، اور دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد، ابرار احمد اور محمد ہریرہ شامل ہیں۔ محمد ہریرہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا۔