اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے مراکش میں پیش آنے والے کشتی حادثے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے، جو آج مراکش روانہ ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر سپین جانے والی کشتی دو روز قبل مراکش میں حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس میں 50 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 44 پاکستانی شامل ہیں۔
پاکستانی حکومت نے اس سانحے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چودھری مقرر کیے گئے ہیں۔ اس ٹیم میں ایف آئی اے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر منیر مسعود مارتھ، دفتر خارجہ اور آئی بی کے افسران بھی شامل ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم تین سے چار روز مراکش میں قیام کرے گی اور اس دوران وہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت، زندہ بچ جانے والوں سے ملاقات، اور کشتی حادثے میں تشدد یا قتل کے واقعات کی تحقیقات کرے گی۔
وزیراعظم کو تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی، ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گوجرانوالہ اور گجرات میں تین مقدمات درج کیے ہیں، جن میں سیالکوٹ اور گجرات کے اسمگلرز شامل ہیں