پاک ایران کشیدگی، چائنہ کی دونوں ممالک میں ثالثی کی پیشکش

پاک ایران کشیدگی، چائنہ کی دونوں ممالک میں ثالثی کی پیشکش
سورس: file

کراچی: پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے کہا کہ بیجنگ اسلام آباد اور تہران کے درمیان اختلافات کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

چینی قونصل جنرل یانگ ونڈونگ نے نجی ٹی وی جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اختلافات پر امن طریقے سے بات جیت کر کے حل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو حل کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئےتیار ہے۔ 

ایران کی جانب سے بلوچستان میں میزائل حملہ کرکے پاکستان کی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ملکو ں سے کہتے ہیں کہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے تعلقات کو اقوام امتحدہ کے چارٹر کے مطابق آگے بڑھائیں۔ 

چینی قونصل جنرل یانگ ونڈنگ نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے اور مسلم دنیا کے بڑے ممالک ہیں، اس لیے چین کو امید ہے کہ ان کے درمیان اختلافات کو مذاکرات اور دیگر پرامن طریقوں سے حل کیا جاسکتا ہے۔ 

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے آج صبح ایران کی طرف سے کیے گئے مزائلی حملے کی جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران کے علاقے سیستان میں دہشتگرد گروہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں متعدد دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ 

خیال رہے کہ پاکستانی حملے سے قبل ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے۔ 

پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

 
 
دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا تھا۔بعدازاں گزشتہ روز پاکستان نے ایران سے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کیا، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ تمام اعلیٰ سطحی تبادلوں کو معطل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔

مصنف کے بارے میں