اسلام آباد: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایران سمیت مغربی سمت سے آنے والی تمام پروازوں کی نگرانی شروع کردی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) ذرائع کے مطابق مغربی سرحدوں پر فضا میں ہر سرگرمی پر نظر رکھی جا رہی ہے اور مغرب سے آنے والی تمام پروازوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی اے اے کو مغرب سے پاکستانی حدود میں آنے والی تمام پروازوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے، ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایران سمیت تمام مغربی پروازوں کی تفصیلات جمع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل مغرب سے پاکستان آنے والی پروازوں کی کوئی مانیٹرنگ نہیں تھی، پاکستان اور ایران کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے کھلی ہیں۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی خاقان مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ایران کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے ایران کے لیے فضائی حدود بند کرنے کی ابھی تک کوئی ہدایات نہیں ملی ہیں، وہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے آج صبح ایران کی طرف سے کیے گئے مزائلی حملے کی جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران کے علاقے سیستان میں دہشتگرد گروہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں متعدد دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستانی حملے سے قبل پیر کے روز ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے۔