راستے دھند کی لپیٹ میں، مختلف مقامات پر موٹروے بند

08:46 AM, 18 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: ملک بھر میں مختلف مقامات پر دھند کے باعث موٹرویز کو بند کر دیا گیا۔ 

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہونے پر موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔

موٹروے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ون کو رشکئی سے پشاور ٹول پلازہ تک اور برہان سے صوابی تک بند کر دیا گیا۔ موٹروے ایم 2 کو بھی شدید دھند کے باعث اسلام آباد ٹول پلازہ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایم تھری کو فیض پور انٹرچینج سے درخانہ اور ایم فور کو فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں انٹرچینج تک بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے ایم 5 کو ظاہر پیر سے اُوچ شریف اور رحیم یار خان سے روہڑی جبکہ ایم الیون کو محمود بوٹی سے سمبڑیال ٹول پلازہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا گیا ہے جبکہ شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں کیونکہ صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔

ترجمان کے مطابق مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں