لندن : پاکستان مسلم لیگ ن ایک نیا جارحانہ بیانیہ تیار کررہی ہے جس میں جنرل باجوہ، جنرل فیض ،عمران خاں ،ثاقب نثار اور آصف کھوسہ کوایک منظم سازش کے ذریعہ ملک کو سیاسی انتشار کا شکار کرکے موجودہ حالت میں لانے کا ذمہ دار قرار دیاجائے گا۔
لندن سے سینئر صحافی مرتضی علی شاہ کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں نے نواز شریف سے سفارش کی ہے کہ باجوہ ، فیض عمران خان، ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ کو 2017 میں پی ایم ایل این کے رہنما اور ان کی حکومت کو بے دخل کرنے اور2018 میں پی ایم ایل کے مینڈیٹ میں دھاندلی کرکے تحریک انصاف کی حکومت قائم کرنے کی سازش کرنے کا ذمہ دار قرار دیاجائے ۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پی ایم ایل کے تقریبا تمام افراد پارٹی کے نئے بیانیے میں ان پانچوں کو نشانہ بنانے پر متفق ہیں ۔ عوام کو بتایا جائے گا کہ 2017 میں جب ثاقب نثار کی زیر قیادت عدلیہ نے نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کے ایک مانیٹرنگ جج کا تقرر کرکے اور ججوں پر نواز شریف اور ان کی فیملی اور ساتھیوں کے خلاف فیصلہ دینے کیلئے دباؤ ڈال کر اقامہ کیس میں نواز شریف کو انتخابی سیاست سے نااہل قرار دیا پاکستان کی ترقی رک گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم ایل این جنرل باجوہ اور جنرل فیض پر کسی بھی قیمت پر عمران خان کو اقتدار میں لانے کیلئے منصوبے پر عملدرآمد کرنے کا ذمہ دار قرار دے گی جس کے نتیجے میں 4 سال کے عرصے میں پاکستان موجودہ حالت کا شکار ہوگیا۔