اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کرپٹو کرنسی کا لین دین کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 1600 ویب سائٹس کو بند کرنے کے لیے پی ٹی اے کو خط لکھ دیا۔
؎ ایف آئی اے کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو بھیجے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ کرپٹوکرنسی منی لانڈرنگ کا بھی آلہ کار ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جلد شروع ہونے کا امکان ہے جس میں ملک بھر سے گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے پاکستان ميں کرپٹو اور ڈيجيٹل کرنسی کا کام کرنے والوں کی فہرستيں مرتب کرنا شروع کر دی ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے کرپٹوکرنسی اور ڈيجيٹل کرنسی کا کام کرنےوالی سائٹس کے خلاف پی ٹی اے بھیجے گئے مراسلے میں 1600 اُن ویب سائٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے ذریعے کرپٹو اور ڈیجیٹل کرنسی کا لین دین جاری ہے۔
ایف آئی اے نے پی ٹی اے سے ان ویب سائٹس کو بند کرنے کی سفارش کی اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے بھی پی ٹی اے سے مدد مانگی ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے اپنے خط میں لکھا کہ کرپٹو اور ڈيجيٹل کرنسی فراڈ ميں اب تک شہریوں سے کروڑوں ڈالرز کا غبن ہوچکا ہے۔ اسٹيٹ بينک نے 2018 سے کرپٹو کرنسی کو پاکستان ميں غير قانونی قرار دے رکھا ہے۔
دوسری جانب ايف آئی اے سائبرکرائم نے کرپٹوکرنسی اور ڈيجيٹل کرنسی کا کام کرنے والوں کے خلاف پی ٹی اے کے ساتھ مل کر کارروائی شروع کردی ہے۔