اسلام آباد: وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہا ہے منی بجٹ سے گھی، دالوں، پھلوں اور سبزیوں سمیت عام کھانے پینے کی اشیاءکی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مزمل اسلم نے کہا کہ قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد منی بجٹ نافذ العمل ہو گیا ہے تاہم اس سے عام کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں پر اضافہ ہو گا اور نہ ہی عام بیکریوں پر اشیا کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل ہو گا۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں کھلے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا جبکہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں برقرار رہنے کیساتھ ساتھ گھی اور دالوں کی قیمتوں میں بھی کوئی ردوبدل نہیں ہو گا۔
دوسری جانب منی بجٹ کی منظوری کے بعد موبائل ری چارج ٹیکس کی شرح میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث ہر 100 روپے کے ری چارج پر صارف کو 27 روپے 80 پیسے ٹیکسز اور دیگر مد میں ادا کرنا ہوں گے۔
منی بجٹ کے باعث ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا اور اب موبائل فون صارفین کو کمپنیوں کی جانب سے اضافہ شدہ کٹوتیوں کے پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ پری پیڈ کارڈ پر 10 کی بجائے 15 فیصد ایڈوانس ٹیکس کٹوتی ہوگی۔
واضح رہے کہ 13 جنوری کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں منی بجٹ اور سٹیٹ بینک ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا، جس پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا۔ 15 جنوری کو صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت فنانس بل 2022 کی منظوری دی جس کے بعد یہ بل نافذ العمل ہوگیا۔