صدارتی نظام :گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی خاموشی توڑ دی 

05:50 PM, 18 Jan, 2022

 لاہور:گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا  کہ پاکستان میں پار لیمانی جمہوری نظام موجود ہے، ملک میں صدارتی نظام کی بات کرکے نیا کٹا نہ کھولا جائے، تحر یک انصاف میں مکمل جمہوریت ہے، فیصلے تمام لوگوں کی مشاورت سے ہی ہوتے ہیں۔

گورنر پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  ڈیل اور ڈھیل کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں، تحر یک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کریگی اور ملک میں الیکشن  وقت پر  ہونگے۔انہوں نے کہا پاکستان کو اس وقت معاشی اور مہنگائی سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت بھر پور اقدام کر رہی ہے  ۔

 چوہدری سرور نے کہا   تمام سیاسی ، مذہبی جماعتیں اور عوام پارلیمانی جمہوری نظام کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں اور ملک میں جمہوریت ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے، ان حالات میں صدارتی نظام کی بات کر کے کسی کو نیا کٹا نہیں کھولنا چاہیے۔

 گورنر نے کہا  وزیر اعظم کی واضح پالیسی ہے کہ آئین وقانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اس لیے سب کو سمجھ لینا چاہیے کہ ڈیل اور ڈھیل کی باتیں صرف مفروضہ ہیں ۔

مزیدخبریں