کابینہ کمیٹی :برطانیہ کے ساتھ تحویل مجرمان معاہدے کی منظوری ،مجرمان کو پاکستان لایا جا سکے گا

05:16 PM, 18 Jan, 2022

اسلام آ باد :وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے برطانیہ کے ساتھ تحویل مجرمان معاہدے کی منظوری دے دی ہے، حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

 معاہدے پر دستخط سے قبل برطانیہ کے ساتھ مذاکرات کا ایک دور کیا جائے گا جس میں نکات کو حتمی شکل دی جائے گی، وزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت خصوصی وزارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور مشیر برائے داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر، سیکرٹری وزارت قانون نے شرکت کی۔

 اجلاس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تحویل مجرمان کے معاہدے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ برطانیہ کے ساتھ مجرمان واپسی کے معاہدے پر بہترین عوامی مفاد میں دستخط کئے جائیں گے۔

 معاہدے سے پاکستان اور برطانیہ اپنے سزا یافتہ مجرمان کو ایک دوسرے کے ممالک واپس بھیج سکیں گے۔ صرف ایسے شہریوں کو واپس لانے کی اجازت ہوگی جن کو متعلقہ عدالتیں سزائیں سنا چکی ہوں گی۔ 

مزیدخبریں