باچا خان ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

04:54 PM, 18 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

پشاور : اے ایس ایف کے عملے نے باچا خان ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور دو افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔

ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے پشاور ائر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والے مسافروں سے 9.9 کلو گرام سونابرآمد کر لیا۔ ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ افغان نیشنل مسافر مسمات سہیلہ الکوزے اور مسافر حواد خالدی سونا دو بیگوں میں لے جا رہے تھے تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تلاشی کے دوران مذکورہ سونا برآمد کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سونے کی مالیت لگ بھگ 10 کروڑ 76 لاکھ پاکستانی روپے بنتی ہے اور ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مذکورہ سونا سمیت مزید کارروائی کے لئے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں باچاخان ایئرپورٹ پر مسافرکروڑوں کا سونا اور غیرملکی کرنسی لیکر جہاز تک پہنچ گیا تھا اور جس پر انٹیلی جنس اطلاع پر کسٹم اور دیگر اداروں کی دوڑیں لگ گئی۔

بعد ازاں مسافر کے دستی سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ڈیڑھ کلو سے زائد سونے کے بسکٹ اور13ہزار سے زائد یورو برآمد کئے گئے۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ کسٹم نے مسافر کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

مزیدخبریں