اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کو جواب دینا پڑے گا سب کا حساب ہوگا۔ کیس ہوتا نہیں نیب وزیراعظم عمران خان کے کہنے پر جعلی کیس بناتا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جتنے بھی جعلی کیس بنائے گئے ہیں اور ظلم ہوئے ہیں نیب چیئرمین کو اس کا حساب لازماً دینا پڑے گا۔ نیب جواب دے گزشتہ چار سال میں سیاستدانوں سے کتنی ریکوری ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ کرپٹ تھے وہ حکومتی بنچز پر بیٹھے ہیں جو جتنا بڑا کرپٹ ہے حکومت میں اسے اتنا ہی بڑا عہدہ ملا ہے۔ نیب نے حکومت کی کرپشن پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فواد چودھری بتائیں کس نے کس سے ملاقات کی ہے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔