اسلام آباد: پاکستان میں مہلک وائرس بے قابو ہونے لگا، مزید 10 مریض انتقال کر گئے جبکہ 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 53 ہزار 253 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 5ہزار34 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔این سی او سی کے مطابق کورونا سےمتاثرہ مریضوں کی تعداد13 لاکھ 33 ہزار521 ہوچکی ہےجبکہ 12لاکھ 64 ہزار611 مریض اب تک صحت یاب ہوچکےہیں۔
Statistics 18 Jan 22:
— NFRCC (@NFRCCofficial) January 18, 2022
Total Tests in Last 24 Hours: 53,253
Positive Cases: 5034
Positivity %: 9.45%
Deaths :10
Patients on Critical Care: 827
ملک بھر میں کورونا میں مبتلا مزید 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29ہزار 29ہوگئی جبکہ 827 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد این سی او سی کا آج تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم اجلاس ہو گا جس میں تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کے علاوہ آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سےغور کیا جائے گا۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں کورونا کیسز کا ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا اور مثبت کیسز کی شرح دیکھ کر آئندہ کےلیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومتیں 48 گھنٹے میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے نئی ایس او پیز جاری کریں گی۔
گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے پہلے بچوں کا کافی نقصان ہوچکا ہے اب مزید بند نہیں کیا جا سکتا۔دیگر صوبائی وزرائے تعلیم نے بھی تعلیمی اداروں کو مزید بند نہ کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اپنی متفقہ رائے دیتے ہوئے کہا جب تک دیگر چیزیں بند نہیں ہوں گی اس وقت تک تعلیمی ادارے بھی بند نہ کیے جائیں ۔ تاہم این سی او سی کے آج ہونے والے اہم اجلاس میں حتمی فیصلہ متوقع ہے۔