ڈریپ نے سائینو فارم کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دیدی

09:40 PM, 18 Jan, 2021

اسلام آباد: ڈریپ نے سائینو فارم کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دیدی۔ ذرائع کے مطابق چینی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے دی۔

سائینو فارم نے بزریعہ این آئی ایچ اجازت نامے کیلئے درخواست دی تھی۔ ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کا اجلاس 14 سے 18 جنوری تک جاری رہا۔ اجازت ملنے پر چینی کورونا ویکسین پاکستان میں استعمال ہو سکے گی۔ سائینو فارم نے کورونا ویکسین چینی حکومت کے اشتراک سے تیار کی ہے۔

سائینو فارم ویکسین چینی نیشنل میڈیکل پراڈکٹس ایڈمنسٹریشن سے رجسٹرڈ شدہ ہے۔ سائینو فارم کی کورونا ویکسین کی کامیابی کا مجموعی تناسب 79 فیصد ہے۔ پاکستان نے پہلے فیز کیلئے کورونا ویکسین سائینوفارم سے لینے کا اعلان کیا ہے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا میں مبتلا مریضوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 46 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اس وقت ملک بھر میں عالمی وبا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 21 ہزار 211، ایکٹو کیسز 34 ہزار 986 ہے  جبکہ 4 لاکھ 75 ہزار 228 افراد اس موذی مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے ڈیٹا میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں 8631، بلوچستان میں 18612، گلگت بلتستان میں 4884، اسلام آباد میں 40111، خیبر پختونخوا میں 63615، پنجاب میں 149782 اور سندھ میں 235756 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں