اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا مجھے فخر ہے کہ ہماری جماعت کو کسی مافیا نے سپانسر نہیں کیا اور اگر انہوں نے پیسہ لگایا ہوتا تو ہم ان کے سامنے جھک جاتے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے براڈ شیٹ کیس پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ براڈ شیٹ کے معاملے کو تفصیلی طور پر عوام کے سامنے رکھیں اور اس میں موجود حقائق کو منظر عام پر لایا جائے جبکہ براڈ شیٹ کمپنی تو بیس سال پہلے کے اثاثوں کی تحقیقات کر رہی تھی تاہم گزشتہ دس سال کا حساب ابھی ہونا ہے۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے فارن فنڈنگ کا معاملہ اٹھایا جانا خوش آئند ہے۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو عوام کی فنڈنگ سے وجود میں آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے اجلاس کے دوران وزیراعظم نے براڈ شیٹ معاملے پر پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جس میں فواہد چوہدری، شیریں مزاری، بابر اعوان اور شہزاد اکبر شامل ہونگے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پی ڈی ایم جلسے کے بارے میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بریفنگ دی اور کہا کہ آئیں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپوزیشن کو احتجاج کی اجازت دی ہے۔