قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی، محمد عامر نے مشروط آمادگی ظاہر کردی

02:41 PM, 18 Jan, 2021

لاہور: فاسٹ باؤلر محمد عامر قومی ٹیم میں واپسی کیلئے تیار ہیں، تاہم انہوں نے اس کیلئے مشروط آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے پیغام میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ میں یہ بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ یہ بات درست ہے کہ میں قومی ٹیم میں واپس آ سکتا ہوں، لیکن اس کیلئے واحد شرط موجودہ مینجمنٹ کا جانا ہے۔

محمد عامر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سب سے درخواست ہے کہ صرف جھوٹی خبریں بیچنے کیلئے وہ میرے معاملے میں باتیں نہ پھیلائی جائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز میڈیا میں یہ باتیں زیر گردش تھیں کہ محمد عامر نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور انہوں نے جلد اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام سے ملنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ جعلی خبریں جیسے ہی سوشل میڈیا کی زینت بنیں، دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔ ان خبروں کو پڑھ کر محمد عامر کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی کہ بالاخر نوجوان کھلاڑی نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تاہم اب خود محمد عامر نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے اس کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

خیال رہے کہ محمد عامر نے موجودہ ٹیم مینجمنٹ کے رویے سے تنگ آ کر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذہنی اذیت میں مبتلا ہونے سے بہتر ہے کہ وہ کنارہ کشی اختیار کر لیں۔

بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وہ محمد عامر کے فیصلے کی قدر کرتے ہوئے اس کا احترام کرتے ہیں، یہ فیصلہ ان کا ذاتی ہے تاہم انھیں بورڈ سے ایک مرتبہ بات ضرور کرنی چاہیے تھی۔

مزیدخبریں