عالمی برادری مودی سرکار کو پاکستان کیخلاف شدت پسندانہ رویے سے باز رکھے، وزیراعظم

11:52 AM, 18 Jan, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مودی سرکار کو پاکستان کیخلاف جاری شدت پسندانہ رویے سے باز رکھے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اہم بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انڈین صحافی کے حالیہ انکشافات جو واٹس ایپ سے لیک ہوئے، اس نے انڈین میڈیا اور بی جے پی حکومت کے درمیان گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بالاکوٹ واقعے کے بعد خطے کو بحران میں دھکیلنے سے بچایا اور انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تھا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کو اس کے شدت پسندانہ رویوں سے روکے، پاکستان نے بھارت کے عزائم کو بے نقاب کیا اور آئندہ بھی ایسا کرتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے ملک کو دوسروں کیلئے خطرے کا باعث بنا رہے ہیں۔ یہ اقدامات دوسرے ممالک کیلئے خطرناک ہیں۔ انڈیا کی جانب سے پورے خطے کو ایسے خطرے کی جانب لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے ہم متحمل نہیں ہو سکتے۔

خیال رہے کہ ابھی حال ہی میں بھارت کے سب سے متنازع صحافی ارنب گوسوامی کی واٹس ایپ چیٹ منظر عام پر آئی ہے جس میں ہولناک انکشافات کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ انھیں بالاکوٹ پر انڈین ڈرامے کا پہلے سے ہی پتا تھا۔ اس حملے میں انڈیا کے درجنوں فوجی ہلاک ہو گئے تھے، جنھیں ان کی حکومت نے خود نشانہ بنایا اور اس کا الزام پاکستان کے سر پر تھونپنے کی ناکام کوشش کی جسے کامیاب سفارتکاری اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا تھا۔

وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کو بھی بھارت کی جانب سے بڑھاوا دیا جا رہا ہے، یہ حرکات انتہائی گھنائونی اور خطرناک ہیں۔

مزیدخبریں