خیرپور: بچی سے زیادتی کیس میں اہم پیشرفت، مشکوک ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا

10:15 AM, 18 Jan, 2021

خیرپور: صوبہ سندھ کے علاقے خیرپور میں سات سالہ بچی سے زیادتی کے کیس میں اہم پیشرت سامنے آئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مشکوک ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا ہے جس کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خیرپور میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا تھا جہاں ایک سات سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کی لاش کو ایک باغ میں چھپا دیا گیا تھا۔

مقتولہ بچی گھروں میں کام کرکے اپنے والدین کا ہاتھ بٹاتی اور شام کو گھر کھانا بھی لاتی تھی۔ ایک شام وہ گھر واپس نہ آئی تو اس کے والدین نے پولیس کو اطلاع دی اور مقدمہ درج کر لیا تاہم تلاش کرنے میں کوئی مدد نہ کی۔ اس صورتحال میں اہلخانہ نے خود ہی اس کی تلاش کی تو دو روز بعد اس کی لاش ایک باغ سے برآمد ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے علم میں یہ سارا واقعہ آیا تو انہوں نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے احکامات جاری کئے۔

پولیس نے قتل واقعہ کی تفتیش وسیع کرتے ہوئے سائٹیفک طریقے سے بھی اس پر کام شروع کیا اور ساڑھے تین سو سے زائد مشکوک افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ڈی این اے رپورٹ میں ایک مشکوک ملزم کا ٹیسٹ میچ کر گیا ہے۔ یہ ملزم مقتولہ بچی کا رشتہ دار بتایا جا رہا ہے۔ خبریں ہیں کہ بلڈ سیمپل دینے کے بعد یہ ملزم علاقے سے فرار ہو گیا تھا۔ اس کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ پولیس پرامید ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزیدخبریں