رانا ثنا اللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں: فردوس عاشق اعوان

10:45 PM, 18 Jan, 2020

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں ، رانا ثنا حکومت کے بجائے اپنی قیادت پر برسیں ، آپ کی سیاسی ساکھ ختم اور قیادت سر پر پاوں رکھ کر باہر بھاگ چکی ہے،نواز شریف ریستوران جاسکتے ہیں تو جیل بھی جا سکتے ہیں ۔


اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ن لیگی قیادت کے ملک سے باہر بھاگ جانے پر  رانا ثنااللہ  ذہنی  توازن  کھو بیٹھے ہیں،  رانا  صاحب فرماتے ہیں کہ میاں صاحب اگر اسپتال سے گھر جا سکتے ہیں تو ریستوران بھی جاسکتے ہیں ، ان کا مطلب ہے کہ میاں صاحب تندرست ہیں اور ریستوران سے سیدھا جیل بھی جا سکتے ہیں ۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رانا صاحب پہلے اندرونی لڑائی میں مبتلا اپنی قیادت کے مابین پارٹی میں مڈ ٹرم انتخابات کرائیں، آپ کی سیاسی ساکھ ختم اور قیادت سر پر پاوں رکھ کر باہر بھاگ چکی ہے، جس مقدمہ میں آپ کو ضمانت ملی ہے اس کا ٹرائل ابھی باقی ہے، اس پر توجہ دیں۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ رانا ثنا حکومت کے بجائے اپنی قیادت پر برسیں جس نے اپنے کارکنوں کو پھر دھوکہ دیا اور ان کے اعتماد کا خون کیا ہے۔

مزیدخبریں