ممبئی:دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر فلم بنانے والے بھارتی ہدایت کار امجد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستانی طالبہ پر فلم بنائے جانے پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
امجد خان کی ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ کا ٹریلر رواں ماہ 10 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا اور ساتھ ہی فلم کو رواں ماہ کے آخر میں ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
’گل مکئی‘ امجد خان کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ہے اور انہوں نے مذکورہ فلم پر 2017 سے کام شروع کیا تھا اور گزشتہ برس اس کا مختصر ٹیزر ’ملالہ ڈے‘ کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا۔فلم کے ٹریلر جاری کئے جانے کے بعد اب ہدایت کار امجد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دھمکیاں دینے کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور انہیں کافی وقت سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق امجد خان کا کہنا ہے کہ انہیں حیرت ہے کہ ان کی فلم ’گل مکئی‘ پر تنگ نظر لوگوں کو پریشانی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم کو گزشتہ برس اقوام متحدہ کے تحت لندن میں پیش کیا گیا تھا اور ان کی فلم کو ملالہ یوسف زئی اور ان کے والد نے بھی دیکھا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلم دیکھنے کے دوران ملالہ اور ان کے والد پورا وقت اپنی سیٹ پر بیٹھے رہے اور فلم دیکھنے کے بعد ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے انہیں کیا کہ ’انہوں نے ان کے خوابوں کی تعبیر‘ کو پیش کیا ہے۔
امجد خان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ملالہ یوسف زئی نے بھی اپنی زندگی پر بنائی گئی فلم کو بہت سراہا اور فلم دیکھنے کے دوران وہ پرجوش دکھائی دیں جب کہ کئی مناظر کے دوران انہوں نے جذباتی ہوکر مٹھی بھی بند کی۔
ہدایت کار کے مطابق اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں فلم سکریننگ کے دوران کوئی بھی اپنی نشست سے نہیں اٹھا اور فلم دیکھنے کے دوران فلم دیکھنے والی خواتین اشکبار ہوگئیں۔
امجد خان نے بتایا کہ ’گل مکئی‘ فلم صرف ملالہ یوسف زئی کی کہانی نہیں ہے بلکہ یہ ہر ایک خاتون کی کہانی سمیت ایک سپاہی اور ایک عوام کی کہانی ہے اور اسے ہر کسی کو دیکھنا چاہیے۔