اسلام آباد: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر سمیت اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ماریہ فرنینڈا اسپینوزا 18 سے 22 جنوری کے دوران پاکستان کے دورے پر ہیں جو ستمبر 2018 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ایشیاء کا ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ فعال اور مضبوط اقوام متحدہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے اور ہم اجتماعی کاوشوں کے فروغ سے ہی عالمی مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران فریقین نے مسائل کے حل اور امن و استحکام کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کو ایک ناگزیر پلیٹ فارم قرار دیا۔