لکھنئو: بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع اٹاوہ کے بھٹ پورا گاؤں میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب گﺅ شالہ کی تعمیر کیلئے کھدائی کا کا م جاری تھا۔ اسی دوران تقریباً100سال قدیم مٹی کا گھڑا برآمد ہوا جس میں چاندی کے سکے موجودتھے۔
گئو شالہ کی تعمیر کیلئے پرانے تالاب کے قریب ایک ٹیلے کی زمین ہموار کی جا رہی تھی کہ مزدوروں کی نظر مٹی کے گھڑے پر پڑی جس میں چاندی کے سکے بھرے ہوئے تھے۔
یہ دیکھ کر وہاں موجود نوجوانوں نے شور مچانا شروع کردیا۔ شیول آپریٹرنے گھڑا باہر نکالا تو موقع پر موجود مزدوروں اور علاقے کے لوگوں نے خزانہ لوٹنے کی کوشش کی۔
اس دوران گھڑا زمین پر گر گیااور اس میں موجود چاندی کے سکے زمین پر بکھر گئے جسے نوجوانوں نے لوٹ لیا۔
گاﺅں کے پردھان پرمود یادو نے پولیس کوخزانہ ملنے کی اطلاع دی۔پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے نوجوانوں کے قبضے سے 187 سکے بازیاب کرالئے۔ یہ سکے برطانوی عہد کے ہیں۔ ان سکوں پر 1888ء وکٹوریہ اور کنگ جارج کی تصویریں بنی ہوئی ہیں۔