اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید نے کہا قصور پارلیمنٹ کا نہیں بلکہ ان کا ہے جو یہ سمجھتے ہیں پارلیمنٹ کا کوئی کام نہیں تو وہ سیاست چھوڑ دیں۔ پارلیمنٹ کی خوبصورتی ہے کہ ہر کسی کو بولنے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا بھٹو نے تختہ دار پر بھی جمہوریت کی بات کی اور اسی پارلیمنٹ کی خاطر بہت سے سیاستدانوں نے قربانیاں دیں۔
خورشید شاہ نے اپنے خطاب میں کہا ملک کا آخری سہارا پارلیمنٹ ہو گی کیونکہ اس پارلیمنٹ نے ملک کو ایٹمی پاور بنایا اور پارلیمنٹ نے ہمیں حق مانگنے کی ہمت دی لیکن اپنی ناکامی چھپانے کیلیے جو لفظ استعمال کیا گیا وہ لفظ میں استعمال نہیں کر سکتا۔
خورشید شاہ نے کہا ہر اس شخص کے منہ میں خاک جو ایسا لفظ استعمال کرتا ہے اگر آج بینظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو کسی حکمران میں ہمت نہ ہوتی کہ پاکستان کے مخالف بیان دے۔ آج مخالفین کہتے ہیں کاش بھٹو ہوتا تو اسرائیل نہیں ہوتا اور امریکا سے ڈکٹیشن نہیں لی جاتی لیکن آپ اداروں کی توہین کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر خورشید نے سخت لہجے میں کہا پیپلز پارٹی پر کیا، کیا کیسز نہیں بنائے گئے پھر بھی ہم نے اداروں کی توہین نہیں کی اس کے علاوہ ہمارے وزیراعظم کو ایک سیکنڈ میں نکال دیا گیا پھر بھی ہم نے اداروں کے فیصلوں کا احترام کیا لیکن نواز شریف اور عمران خان اداروں کی توہین کرتے ہیں۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے پارلیمنٹ سے متعلق الفاظ پر عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہتے ہیں عمران خان کے پارلیمنٹ سے متعلق الفاظ کی مذمت کرتا ہوں، جو پارلیمنٹ کو برا سمجھتے ہیں انہیں پاکستان میں سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے مزید کہا کہ قصور پارلیمنٹ کا نہیں بلکہ حکومت کا ہوتا ہے کیونکہ پاکستان میں پارلیمنٹ پہلے دن سے ہوتی تو بڑے بڑے سانحے پیش نہ آتے۔ پارلیمنٹ کو اس کا وقار نہ دینا حکومتوں اور ہماری ناکامی ہے جو پارلیمنٹ کو نہیں مانتے ان کے استعفی کی بھی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ ہونے کی وجہ سے سرحدوں کو مضبوط بنایا گیا او ملک کو ایٹمی طاقت بنایا گیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کی زیرِ قیادت متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے ہیں جو ایک مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں