یروشلم:اسرائیلی فوج کی زیر حراست دو قابض صہیونی فوجیوں کو تھپڑ مارنے والی فلسطین کی بہادر بیٹی عہد تمیمی کو اسرائیلی جج نے مقدمے کی مزید سماعت تک جیل میں رکھنے کا حکم دیدیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق نو عمر تمیمی کیخلاف مقدمے کی سماعت کے دوران اسرائیلی جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ” میں اس کا کوئی متبادل نہیں ڈھونڈ سکا ہوں کہ میں عہد تمیمی کو مقدمے کی کارروائی تک زیر حراست رکھنے کے سوا کوئی اور حکم دوں۔اس پر جن جرائم کے مرتکب ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے ،وہ اتنے سنگین ہیں کہ حراست کے سوا کسی متبادل کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے“۔
خیال رہے کہ اپنی بہادری اور دیدہ دلیری کے باعث دنیا بھر کے میڈیا کی خبروں کی زینت بننے والی 16 سالہ عہد تمیمی اور ان کی 20 سالہ کزن نو رتمیمی کو 15 دسمبر کو مغربی کنارے میں واقع گائوں نبی صالح میں دو قابض صیہونی فوجیوں تھپڑ اور ٹھڈے مارنے کے الزام میں 19 دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ان کے مکان کے احاطے میں دو اسرائیلی فوجی آ گھسے تھے اور ان دونوں نے انھیں مکان سے نکالنے کی کوشش کی تھی جس پر عہد نے دونوں کو تھپڑ مارے جبکہ اس واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی تھی۔