سیئول: مانیں یا نہ مانیں مگر اس سال سمارٹ فونز میں جو فیچر سب سے زیادہ نمایاں ہونے والا ہے وہ زیادہ ریزولوشن والی سکرین، تیز پراسیسر یا بہتر کیمرہ نہیں بلکہ یہ ہے کہ بیٹری نہ پھٹ سکے۔
جی ہاں واقعی کم از کم جنوبی کورین کمپنی ایل جی کو تو یہی لگتا ہے۔ گزشتہ سال موڈیولر سمارٹ فون جی فائی بنانے والی کمپنی اگلے ماہ اپنا نیا فلیگ شپ فون جی سکس متعارف کرانے جارہی ہے اور اس کمپنی نے فخریہ انداز میں اپنے اس فلیگ شپ فون کے سب سے بہترین فیچر کا اعلان کیا اور وہ ہے بیٹری نہ پھٹنے کی یقین دہانی۔
کورین کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے بیٹری میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپ کی طرح کاپر کے ایسے پائپس استعمال کئے گئے ہیں جو ڈیوائس کی چپس کو ٹھنڈا رکھتے ہیں۔ ان پائپس کے نتیجے میں فون کی گرمی چھ سے دس فیصد تک کم ہوجاتی ہے جس کے نتیجے میں ڈیوائس ٹھنڈی رہتی ہے اور اس کے پھٹنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔
ایل جی کا مزید کہنا تھا کہ اس نے بین الاقوامی معیار کے مطابق تمام حفاظتی جانچ پڑتال بھی کرلی ہے۔ اگر آپ کو یاد نہ ہو تو یہ جان لیں کہ گزشتہ سال سام سنگ کے گلیکسی نوٹ سیون کو بیٹریاں پھٹنے کے باعث مارکیٹ سے واپس طلب کرنا پڑا تھا جس کے باعث کمپنی کو اربوں ڈالر کا نقصان بھی ہوا تھا۔ لگتا ہے کہ ایل جی نے سام سنگ کے اس بھیانک تجربے سے سبق سیکھا ہے اور وہ خود ایسے کسی نقصان سے بچنا چاہتی ہے۔