بالوں کو چمکدار اور گرنے سے بچانے کے لیے آزمودہ نسخے

09:43 AM, 18 Jan, 2017

اسلام آباد: خواتین کو لمبے اور گھنے بالوں کی اتنی ہی چاہ ہوتی ہے جتنی خوبصورت جلد کی اس کے لیئے لاکھوں جتن کرنے کی بجائے اگر ان آٹھ غذاوں کو زندگی کا حصہ بنا لیں تو بالوں کو چمکدار بنایا جا سکتاہے ۔

1۔بادام: اس میں سیلینیئم کہلانے والے کیمیائی مادّے کی مقدار خاصی زیادہ ہوتی ہے جو بالوں کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہے۔ سیلینیئم آپ کے بالوں کو دھوپ سے پہنچنے والے نقصان سے بھی بچاتا ہے۔ ’’برازیلی بادام‘‘ (برازیل نٹ) میں سیلینیئم سب سے زیادہ ہوتا ہے لیکن اگر وہ میسر نہ ہو تو اس کی جگہ عام بادام اور کاجو بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

2۔انڈے کی سفیدی: یہ مفید سلفر سے بھرپور ہوتی ہے جو خون کی گردش بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بالوں کی نشوونما کو بھی تیز کرتی ہے۔ اسی لیے سلفر کو ’’خوبصورتی بڑھانے والی معدن‘‘ (بیوٹی منرل) بھی کہا جاتا ہے۔ روزانہ ایک انڈے کی سفیدی صرف 30 دن تک استعمال کریں اورخود نتائج دیکھیں۔

3۔خشک دہی: بازار سے عام ملنے والی دہی لیں اور اسے ململ یا کسی دوسرے باریک کپڑے سے چھان لیں۔ یہ خشک دہی کہلاتی ہے جسے ’’گریک یوگرٹ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں وٹامن بی 5 وافر مقدار میں ہوتا ہے جو بالوں کو پتلا ہونے اور گرنے سے بچاتا ہے۔ صرف ایک پیالہ (200 گرام) خشک دہی کا روزانہ استعمال مفید ہے۔

4۔کیوی فروٹ: یہ پھل ہمارے ہاں کم ملتا ہے اور عام طور پر چین سے درآمد کیا جاتا ہے۔ کیوی فروٹ میں وٹامن سی اور ای کی وافر مقدار ہوتی ہے اور یہ دونوں مل کر بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ وٹامن سی کی بدولت جسم میں فولاد جذب کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے جب کہ وٹامن ای کھوپڑی میں خون کے بہاؤ میں سہولت پیدا کرتا ہے۔ دن میں ایک کیوی فروٹ کا استعمال بھی کافی ہے۔

5۔دالیں: خاص طور پر مسور کی دال، کھڑے مسور کی دال، مونگ کی دُھلی ہوئی اور چھلکوں والی دال، پروٹین کے علاوہ فولاد سے بھی بھرپور ہوتی ہے۔ پروٹین کی بدولت بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں جب کہ فولاد کی وجہ سے بال مضبوط اور گھننے ہوتے ہیں۔ فولاد کی کمی میں مبتلا اکثر خواتین کو بال جھڑنے کی شکایت بھی ہوتی ہے۔ روزانہ صرف ایک کپ (150 گرام) ابلی ہوئی دال کھانے سے اس مسئلے پر بہ آسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔

6۔مچھلی: یہ انتہائی مفید غذا ہے کیونکہ بیشتر مچھلیوں میں ’’اومیگا تھری فیٹی ایسڈ‘‘ کہلانے والے پروٹین کی زبردست مقدار ہوتی ہے۔ اومیگا تھری کی بدولت بالوں کی جڑوں میں قدرتی چکنائی موجود رہتی ہے اور یوں بال چمکدار ہوجاتے ہیں۔

7۔کھمبی: ان میں ’’بایوٹن‘‘ نامی ایک وٹامن کی بھرپور مقدار موجود ہوتی ہے جو بال گرنے کا قدرتی علاج ہے۔ اگرچہ اس بارے میں کوئی باقاعدہ سائنسی مطالعہ تو نہیں ہوا لیکن یہ دیکھا گیا ہے کہ وہ خواتین جو بایوٹن کی کمی کا شکار ہوتی ہیں ان کے بال بھی بہت جھڑتے ہیں۔

8۔کدّو کے بیج: یہ زنک اور کاپر سے بھرپور ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بالوں کی جڑوں میں موجود خلیات صحت مند رہتے ہیں جب کہ کھوپڑی میں تیل خارج کرنے والے غدود (گلینڈز) کی نشوونما بھی بہتر ہوتی ہے۔ روزانہ کدّو کے صرف مٹھی بھر بیج آپ کے بالوں کو خوبصورت بنانے میں بڑی مدد کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں