بیجنگ: امریکہ اور چین کی معاشی جنگ عروج پر ہے ۔اوبامہ کی لاکھ کوششوں کے باوجود چین نے معاشی میدان میں امریکہ کو تقریباََ پیچھے چھوڑ ہی دیاہے ۔تاہم اب چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ تجارت کی جنگ میں کوئی فاتح نہیں بن سکے گا، عالمی تجارتی جنگ سب کیلئے تباہ کن ہوگی، اکنامک گلوبلائزیشن سے دنیا میں نئے مسائل پیدا ہوئے ہیں لیکن دنیا کے تمام مسائل کی وجہ اکنامک گلوبلائزیشن کو قرار نہیں دیا جاسکتا۔
ڈیووس میں ہونے والے سالانہ عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر کا کہنا تھا کہ گلوبلائزیشن کو مزید پائیدار اور جامع ہونا چاہیے، موجودہ دور کے گلوبلائزیشن ادارے ابھی ناپختہ ہیں انہیں مزید نمائندگی کی ضرورت ہے، گلوبل اکانومی ایک وسیع سمندر ہے اور کوئی اس سے دور نہیں رہ سکتا، انہوں نے عالمی معاشی بحران کی وجہ زائد منافع کو قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا، عالمی معاشی صورتحال حالیہ عرصے میں کمزور رہی ہے اور ترقی کے حوالے سے ابھی تک نئی راہ متعین نہیں کی جا سکی، چینی صدر شی جن پنگ ڈیووس عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرنے والے پہلے چینی صدر ہیں۔