پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ میں بہتری: مدرسہ رجسٹریشن بل 2024 کا اہم کردار

10:04 PM, 18 Feb, 2025

اسلام آباد:پاکستان میں مدارس کے نظام میں تبدیلی کے لیے مدرسہ رجسٹریشن بل 2024 متعارف کرایا گیا ہے، جسے ایک تاریخی اصلاح قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ اصلاحات مدارس میں شفافیت، جوابدہی اور ریاستی نگرانی کو یقینی بناتی ہیں، جس سے مدارس کے کردار کو قومی دھارے میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس بل کے تحت مدارس کی مالی نگرانی اور نصاب کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جس سے غیر قانونی سرگرمیوں کے روک تھام کی توقع کی جا رہی ہے۔ حکومت نے یہ اصلاحات بین الاقوامی معیارات ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی+ کے مطابق کی ہیں، جس سے پاکستان کی عالمی ساکھ اور معاشی استحکام میں بہتری آئے گی۔

مذہبی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل مکالمے کی وجہ سے اصلاحات کی پذیرائی بڑھ رہی ہے، اور ان کا مقصد مدارس کے طلبہ کو قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے درکار مہارتیں فراہم کرنا ہے۔ سیکیورٹی قوانین کے تحت مدارس کو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے محفوظ کیا جا رہا ہے۔

اس بل کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ مدارس کو وزارت تعلیم یا وزارت صنعت کے ساتھ رجسٹریشن کا اختیار دیا جا رہا ہے تاکہ ایک متوازن حکومتی نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔ اساتذہ کی جدید تربیت سے نئے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جو طلبہ اور اساتذہ دونوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔

مدرسہ رجسٹریشن بل 2024 کے کامیاب نفاذ کے لیے نگرانی، قانونی نفاذ اور بین المسالک ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ اصلاحات طویل المدتی طور پر پائیدار رہیں۔ ایک متوازن اور جامع حکمت عملی مدارس کی مؤثر اصلاحات اور دیرپا استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

مزیدخبریں