کراچی کے حادثات کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، حکومت شہر کے امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، شرجیل میمن

07:09 PM, 18 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی :سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے حادثات کو سیاسی یا لسانی رنگ نہ دیا جائے، اور ہم شہر کے امن وامان کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں۔ گزشتہ روز کے حادثے میں ملوث ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ جلاؤ گھیراؤ کرنے والے 15 افراد بھی گرفتار ہوئے ہیں۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کے ساتھ پریس کانفرنس میں شرجیل میمن نے کہا کہ آج ہونے والے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی، جس میں ٹریفک حادثات اور دیگر مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد یہ تھا کہ شہر میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے ہم سب ایک ہیں اور ایک ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیر نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے حادثات میں واضح اضافہ نہیں ہوا، مگر بعض حادثات کی بڑھتی ہوئی کوریج سے لگتا ہے کہ ان حادثات کو مخصوص رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک بھی حادثہ نہیں ہونا چاہیے، اور ہر انسانی جان قیمتی ہے۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں سب سے زیادہ ہیوی ٹریفک چلتی ہے کیونکہ پورٹ یہاں ہے اور یہ شہر ملک کی تمام درآمدات اور برآمدات کا مرکز ہے۔ تاہم، حکومت کا یہ فرض ہے کہ حادثات کی شرح کو کم کیا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے دیگر حصوں کے مقابلے میں کراچی میں حادثات کی شرح کم ہے، لیکن پھر بھی ایک حادثے کا بھی ہونا ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے 15 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں