کراچی :ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کراچی میں ہونے والے ڈمپر حادثات کو سیاسی یا انتظامی مسائل نہیں، بلکہ ایک انسانی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا غماز ہیں کہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری بے دردی سے حادثات کا شکار ہو رہے ہیں، اور اگر سندھ حکومت نے پہلے اس مسئلے کا نوٹس لیا ہوتا تو کئی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس بات کا ذمہ دار سمجھتے ہوئے اپنے اقدامات کی کمی کو تسلیم کرنا چاہیے اور فوری طور پر متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جانا چاہیے۔
فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں 100 سے زائد افراد کی جانیں جا چکی ہیں اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں تحقیقات کرے کہ ڈرائیور کس حالت میں گاڑیاں چلا رہے ہیں، آیا وہ نشے کی حالت میں ہیں یا نہیں، اور کیا ان کے پاس درست لائسنس اور تربیت ہے۔ حکومت کو یہ بھی چیک کرنا چاہیے کہ کیا یہ ڈرائیور طے شدہ اوقات کار میں گاڑیاں چلا رہے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرے، ان کے ساتھ تعزیت کرے اور نہ صرف انہیں مالی معاوضہ فراہم کرے بلکہ یہ یقین بھی دلائے کہ ان کے پیاروں کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے جیل چورنگی پل پر واٹر ٹینکر کے ٹکراؤ سے ایک اور شہری جان کی بازی ہار گیا تھا، جس کے بعد مشتعل افراد نے پانچ واٹر ٹینکروں کو آگ لگا دی تھی۔