ن لیگ نے ملک کو بحران سے نکالا، عوام خود گواہی دے رہے ہیں: مریم نواز

ن لیگ نے ملک کو بحران سے نکالا، عوام خود گواہی دے رہے ہیں: مریم نواز

نارووال : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نارووال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل سے رہائی کے لیے اپیلیں کی جا رہی ہیں، جبکہ ملک بھر سے مثبت خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام خود گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالا، اور ہم نے پانچ سال انتظار کیے بغیر محض ایک سال میں اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ دی۔ مریم نواز نے جلسے کے شرکاء سے استفسار کیا کہ کیا ان کی حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں؟

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج کل بار بار خط لکھ کر رہائی کی گزارشات کی جا رہی ہیں، لیکن مخالفین کو واضح کر دینا چاہتی ہوں کہ پنجاب میں نواز شریف کی بیٹی اور وفاق میں ان کا بھائی موجود ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں پنجاب میں رشوت کے بغیر کوئی کام ممکن نہیں تھا، لیکن آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں 38 فیصد تک بڑھنے والی مہنگائی کو کم کرکے 6 فیصد پر لے آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے گئے، مگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ مریم نواز نے کہا، "کہاں گئی دیوالیہ ہونے والی معیشت اور کہاں گئی مہنگائی؟" انہوں نے "اپنا گھر اسکیم" کے تحت عوام کو 15 لاکھ روپے تک کے قرضے کی سہولت دینے کا بھی اعلان کیا۔