غلطیوں سے سیکھ کر چیمپئنز ٹرافی میں بہترین پرفارمنس دیں گے: محمد رضوان

غلطیوں سے سیکھ کر چیمپئنز ٹرافی میں بہترین پرفارمنس دیں گے: محمد رضوان

کراچی:  قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہم اپنی پچھلی غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں اور چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کرکٹ کھیل کر اپنی پرفارمنس میں بہتری لائیں گے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران محمد رضوان نے کہا کہ ٹرائی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ ہمیں اپنی غلطیوں کا جائزہ ملے اور ہم یہ سمجھ سکیں کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پچھلے میچز سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب کوشش کریں گے کہ وہی غلطیاں دوبارہ نہ ہوں۔

کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم میں کچھ چیزیں ابھی بہتر کی جا سکتی ہیں۔ ہمیں مزید محنت، بہادری اور تکنیک پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہم سے کچھ میچز صرف ایک یا دو فیصد کے فرق سے ہارے ہیں، اور ہم ان کمیوں کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی میں کچھ نیا کرنے کی بجائے میچ کے آخری لمحوں میں میچ نہ نکل جانے کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ ٹیم جیت کے لیے پرعزم ہے اور ہم چیمپئنز ٹرافی میں بہترین پرفارمنس دینے کے لیے تیار ہیں۔ بحیثیت کپتان اس وقت خوشی ہوتی ہے جب ٹیم کی محنت سے جیت ملتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے ہمیں ذمہ داری لے کر کھیلنا چاہیے۔ حارث رؤف فٹ ہیں اور پریکٹس سیشنز میں باؤلنگ کر رہے ہیں، جبکہ اوپننگ کے لیے مختلف آپشنز موجود ہیں۔ بابر اعظم ایک ٹیکنیکل کھلاڑی ہیں اور وہ ہی اوپننگ کریں گے۔ محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی چاہتا ہے کہ ہم ٹائٹل جیتیں، اور ہم جو کچھ بھی کر سکتے ہیں، وہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کپتان نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی کا ایونٹ پوری قوم کے لیے خوشی کا موقع ہونا چاہیے، اور انہوں نے سٹیڈیمز کی تیز رفتار تعمیر پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی پہلے بھی جیتی ہے اور اس بار بھی ٹائٹل کا دفاع کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ محمد رضوان نے مزید کہا کہ پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی نمبر ون پوزیشن حاصل کی ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے ماضی میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

مصنف کے بارے میں