مصطفیٰ عامر قتل کیس : ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور، اے ٹی سی ٹو میں پیش کرنے کا حکم

 مصطفیٰ عامر قتل کیس : ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور، اے ٹی سی ٹو میں پیش کرنے کا حکم

کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے مصطفیٰ عامر کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کی چاروں درخواستیں منظور کرتے ہوئے ملزم کو اے ٹی سی ٹو میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے آج ہی اے ٹی سی ٹو میں پیش کیا جائے۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے کیس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ 6 جنوری کو مصطفیٰ عامر کو اغوا کیا گیا اور مغوی کی والدہ نے تاوان کے لیے 2 کروڑ روپے کی کال موصول ہونے کا بتایا۔ تحقیقات کے دوران ملزم ارمغان کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئی، جس پر 8 فروری کو ایک بنگلے میں چھاپہ مارا گیا، جہاں ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ بھی کی۔

عدالت نے یہ بھی استفسار کیا کہ ملزم کے گھر سے کونسا اسلحہ برآمد ہوا اور جسمانی ریمانڈ سے انکار کی وجوہات کیا تھیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے مغوی کا موبائل فون ملا اور ملزم کے خلاف پانچ مقدمات درج ہیں۔

ملزم ارمغان نے عدالت کو بتایا کہ اس پر تشدد کیا گیا، لیکن جسمانی معائنے میں اس کے جسم پر کوئی تشدد کے نشان نہ ملے، تاہم اس نے جسم کے نچلے حصے میں تشدد کا دعویٰ کیا۔ عدالت نے ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے اس کے مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے اے ٹی سی ٹو میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

مصنف کے بارے میں