ٹورنٹو : کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے پیئرسن انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیر کے روز ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران اُلٹ گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ طیارہ منیاپولس سے ٹورنٹو آ رہا تھا اور ہنگامی لینڈنگ کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ طیارے میں تقریباً 80 مسافر سوار تھے۔
ائیرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار مسافروں اور عملے کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، جبکہ کینیڈین پولیس کے مطابق زیادہ تر مسافر طیارے سے بحفاظت نکل چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، حادثے کے دوران ایک بچے سمیت کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے، جبکہ باقی زخمی محفوظ ہیں۔ حادثہ کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ٹورنٹو پیئرسن ائیرپورٹ حکام نے بیان جاری کیا کہ ایمرجنسی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور حادثے کی اطلاع کے بعد فوری طور پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ہنگامی عملے نے طیارے کو گھیر لیا اور آگ لگنے سے بچانے کے لیے اسپرے کیا۔ حادثے کے بعد ائیرپورٹ پر ایمرجنسی سروسز کی موجودگی یقینی بنائی گئی، اور حادثے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔