مراد سعید کی عزت کو اچھالا گیا، میری ہمدردیاں ان کیساتھ ہیں: شاہد خاقان عباسی

مراد سعید کی عزت کو اچھالا گیا، میری ہمدردیاں ان کیساتھ ہیں: شاہد خاقان عباسی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میری ہمدردیاں محسن بیگ کیساتھ نہیں بلکہ وفاقی وزیر مراد سعید کیساتھ ہیں جن کی عزت کو اچھالا گیا ہے، شفقت محمود قومی نصاب سے صفحہ 273 نکال دیں۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کسی کی عزت اچھالنے کا حق کسی کو نہیں ہے، مراد سعید پارلیمان میں آتے ہیں تو ہم ان کی عزت کا تحفظ کرتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ میں محسن بیگ کو نہیں جانتا، عمران خان اور مراد سعید جانتے ہوں گے، ایک ایسی کتاب جس پر پابندی عائد ہے، اس سے الفاظ اٹھا کر ٹی وی چینل پر بات کی گئی۔ صحافی پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی، محسن بیگ کو نوٹس بھیج کر تفتیش کر لی جاتی، صحافی نے جو بھی قانون توڑا اس کا حساب دینا ہو گا۔ 
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے وزراءبھی گالیاں نکالتے ہیں، ان پر بھی مقدمے درج ہونے چاہئیں، مریم نواز شریف کیلئے جو زبان استعمال کی گئی اس پر بھی مقدمہ درج کریں۔ صحافی محسن بیگ کو رہا کیا جائے اور شفقت محمود قومی نصاب سے صفحہ 273 نکال دیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج کوئی بھی عمران خان کیساتھ چلنے کو تیار نہیں، عدم اعتماد کی تحریک کیلئے جتنا راستہ آج ہموار ہے، ماضی میں اتنا کبھی نہیں تھا، عدم اعتماد کی تحریک کا جب وقت ہو گا، آ جائے گی، کابینہ میں اس وقت کرپٹ ترین لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں